رکن کانگرس نے ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا اعلان کر دیا
واشنگٹن (اے این این)ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن کانگریس نے صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کا اعلان کردیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ شارلٹس ول تصادم کے بعد صدر ٹرمپ اخلاقی طور پر قیادت کے اہل نہیں ہیں ۔دوسری جانب معروف فلم ساز مائیکل مور نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس نیوکلیئر کوڈ ہیں ، یہ شخص ہم سب کو مروانا چاہتا ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے رکن اسٹیو کوہن نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک جلد پیش کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بحیثیت امریکی صدر شارلٹس ول میں ہونے والے خونی تصادم کے تناظر میں قیادت کے امتحان پر پورا اترنے میں ناکام رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دیگر 29 ساتھیوں کے ہمراہ جولائی میں صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی تاہم شارلٹس ول کے واقعے کے بعد اب وہ صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کریں گے ۔ان کے خیال میں صدر ٹرمپ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر ان کا مواخذہ کیا جانا چاہئے ۔