شہبازشریف کا پرویز خٹک کو فون‘ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش
لاہور/ قصور (خصوصی رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ کیا اور کلینک کے مختلف حصوں میں گئے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور دیگر عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ ہیپاٹائٹس کا علاج کرانا غریب عوام کے بس کا کام نہیں، حکومت یہ ذمہ داری پوری کرے گی۔ ہم نے صوبے سے اس مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اسی مقصد کے تحت ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے اور25 ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس بنائے جائیں گے جہاں مفت علاج ہوگا اور ادویات بھی فری ملیں گی۔ کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت ادویات کی چوری یا خوردبرد کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جدید ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس میں نہ تو کوئی ہڑتال کرے گا اور نہ ہی کسی قسم کی بلیک میلنگ ہوگی۔ ان فلٹرکلینکس میں مریضوں کو دھکے نہیں پڑیں گے اور نہ کوئی ڈاکٹر اور ایم ایس مریضوں کو ادویات باہر سے لانے کیلئے کہے گا۔ مریضوں کو تمام ادویات سوفیصد مفت ملیں گی۔ بہتری کی گنجائش موجود ہے اور ہم اسے بہتر بنائیں گے۔ جو لوگ تبدیلی اور نیا پاکستان بنانے کی بات کرتے ہیں انہیں اس تبدیلی کو سامنے رکھنا چاہئے۔جو لوگ تبدیلی کی بات کرتے ہیں وہ سن لیں کہ تبدیلی ہم لا رہے ہیں۔ ایسے کئی ہسپتال بنائے ہیں اور سینکڑوں مزید بنا رہے ہیں جن میں صرف اور صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سپین کے شہر بارسلونا میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سے سبکدوش ہونے والے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو اور نئی تعینات ہونے والی قونصل جنرل الزبتھ کینیڈی ٹرڈوﺅ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلی نے انسانیت سے محبت اور بے لوث خدمت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ انسانیت کا تقاضا ہے کہ کسی لالچ اور مفاد کے بغیر بنی نوع انسان کی بھلائی کا فریضہ سرانجام دیا جائے اورانسان دوستی کا مطلب ہے ہم دوسرے انسانوں کے لئے وہی سب چاہیں جو اپنے لئے چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو ٹیلی فون کیا اور کہاکہ خیبر پی کے میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہرممکن مدد کی جائے گی۔ پنجاب حکومت ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیمیں روانہ کرنے کو تیار ہے۔ ترجمان کے مطابق پرویز خٹک نے تعاون کی پیشکش پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری علی جان خان نے خیبر پی کے کے حکام سے رابطہ کرکے انہیں صوبے میں ڈینگی کی وباءپر قابو پانے میں ہرممکن تعاون اور مدد کی پیشکش کی۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری سیکنڈری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عاصم الطاف کو فوکل پرسن نامزد کردیا ہے۔
شہباز شریف