شیخوپورہ میں جلد نوجوانوںکیلئے کرکٹ اکیڈمی قائم کرینگے : ظہیر عبا س
لاہور/ شیخوپورہ (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس/ نمائندہ نوائے وقت) ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے آٹھویں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کیلئے جمعہ کے روز شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرکے گراﺅنڈ کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ کرکٹ نوجوانوں کا مقبول ترین کھیل ہے اور ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ، شیخوپورہ میں بہت جلدکرکٹ اکیڈمی قائم کردی جائیگی جہاں ان کو جدید ترین سہولتوں کے ساتھ تربیت دیں گے، ہم پُرامید ہیں کہ ان اکیڈمیز سے لڑکے قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرانتظام لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی سربراہی میں 7 کرکٹ اکیڈمیز قائم کی جا چکی ہیں جن میں 5 لڑکوں اور 2 لڑکیوں کی اکیڈمیز شامل ہیں، لڑکوں کی چھٹی اور مجموعی طور پر آٹھویں کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کیلئے ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس پنجاب ظہیر عباس نے ڈپٹی کمشنر ارقم طارق، اے ڈی سی جی مشتاق ٹوانہ، اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین کے ہمراہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرکے گراﺅنڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے گراﺅنڈ کی تیاری اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے انتظامیہ سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہدایات جاری کیں۔ ظہیر عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر نوجوانوں کو کرکٹ کی بہتر تربیت دینے کیلئے کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کی گئی ہیں۔شیخوپور میں آٹھویں کرکٹ اکیڈمی بہت جلد قائم کردی جائے گی جہاں نوجوان کرکٹرز کو ماہر کوچز تربیت دیں گے، حال ہی میں چیف منسٹر جشن آزادی انٹر اکیڈمیز کرکٹ کپ کاانعقاد کیا گیاجس میں نوجوان کرکٹرز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس سے ہم پرامید ہیں کہ کرکٹ اکیڈمیز کے تیار کردہ کھلاڑی بہت جلد قومی ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کا نام روشن کریں گے، شیخوپورہ کے نوجوانوں کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے کرکٹ اکیڈمی کا قیام ایک تحفہ ہوگا، نوجوان آئیں ہم ان کو بہترین کوچنگ دیکر آگے بڑھنے کاموقع فراہم کریں گے۔