روس: چاقو سے حملے‘ 8 افراد زخمی ملزم ہلاک‘ داعش نے ذمہ داری قبول کر لی
ماسکو‘ بیروت (اے ایف پی) روس کے شمالی علاقے سرگٹ میں ایک چاقو بردار شخص نے سڑک پر کھڑے 8 لوگوں کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا جسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ روسی تفتیش کاروں کے مطابق حملہ آور نے سرگٹ کی مرکزی شاہراہ پر پیدل چلنے والے افراد پر چاقو کے مسلسل وار کئے۔ تفتیش کاروں کے مطابق پولیس نے فوری طورپر جائے وقوعہ پر پہنچ کر حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش کی‘ تاہم مزاحمت کرنے پر اسے ہلاک کر دیا گیا۔ مذکورہ واقعہ روس کے شمالی علاقے میں رونما ہوا جو ماسکو سے تقریباً 2 ہزار 1 سو کلومیٹر کے فاصلے پر تیل کی دولت سے مالامال خطے خنطیہ منسی میں واقع ہے۔