• news

نہم نتائج کا اعلان‘ لاہور بورڈ میں 54.21‘ گوجرانوالہ 52.84 فیصد طلبہ کامیاب

لاہور/گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں نہم جماعت 2017ء کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام امتحان میں مجموعی طور پر 2لاکھ 53ہزار 692طالب علموں نے حصہ لیا اور 1لاکھ 37ہزار 530نے کامیابی حاصل کی، امتحان میں کامیابی کا تناسب 54.21فیصد رہا، اس حوالے سے چئیرمین لاہور بورڈ پروفیسر چودھری اسماعیل نے افسران کو ہدایت دی کہ طلباء کے تعلیمی معاملات کو احسن طریقہ سے حل کیا جائے تاکہ انھیں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کے زیراہتمام امتحان میں مجموعی طور پر 245277 امیدوار شامل ہوئے جن میں سے 129614 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح مجموعی طور پر نتائج کا تناسب 52.84 فیصد رہا ۔ سائنس گروپ لڑکوں میں بطور ریگو لر 72354 اور پرائیویٹ 11694 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 38218 اور 3990 کامیاب قرار پائے، انکی کامیابی کا تناسب بالترتیب 52.82 اور 34.12 فیصد رہا ، جنرل گروپ لڑکوں میں بطور ریگو لر 18983 اور پرائیویٹ 12946 امیدوار شامل ہوئے جن میں 6357 اور 3665 کامیاب قرار پائے ، انکی کامیابی کا تناسب بالترتیب 33.49 اور 28.31 فیصد رہا ، سائنس گروپ لڑکیاں میں بطور ریگو لر 60792 اور پرائیویٹ 11590 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 40652 اور 5575کامیاب قرار پائیں ، انکی کامیابی کا تناسب 66.87 اور 48.10 فیصد رہا جبکہ جنرل گروپ لڑکیاں میں بطور ریگو لر 35507اور پرائیویٹ 21411امیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں سے 20481 اور 10676 کامیاب قرار پائیں، انکی کامیابی کا تناسب بالترتیب 57.68 اور 49.86 فیصد رہا۔ نتائج کا اعلان کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن گوجرانوالہ و چیئرمین بورڈ کیپٹن (ر) محمد آصف کے حکم پر بورڈ کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد تنویر ظفر نے پریس کانفرنس میں کیا ،بریفنگ کے دوران بورڈ سیکرٹری ڈاکٹر مختار احمد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد تنویر ظفر کنٹرولر امتحانات نے بتایا طلباء و طالبات کے جائز مفادات انہیں سب سے زیادہ عزیز ہیں ، بورڈ ان کے جائز حقوق کی پاسداری کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل رہتا ہے۔ حقدار کو اسکا جائز حق دلانا وہ اپنا فرض اوّلین سمجھتے ہیں۔ امسال تمام امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ انتہائی احتیاط اور مستعدی سے کی گئی، جہاں سے بھی بورڈ کو کوئی شکایات موصول ہوئی اس کا فوری ازالہ کیا گیا۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال کے تحت 75 ہزار 430 طلباء اور طالبات نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 40 ہزار 134 طلباء و طالبات کامیاب ہوئے اور مجموعی نتیجہ 53.21 فیصد رہا۔ کنٹرولر امتحانات بہاولپور پروفیسر محمد اکرم تارڑ نے بتایا امتحانات میں 87985 امیدواران نے شرکت کی جبکہ 45364 امیدوار پاس ہو سکے۔ اس طرح نتائج کا تناسب 51.56 فیصد رہا۔سرگودھا بورڈ میں کامیابی کا تناسب 55.92فیصد رہا۔ کنٹرولر امتحانات فیصل آباد بورڈ ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے بتایا امتحان میں کل 167089 طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 89698 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 53.69 فیصد رہا۔

ای پیپر-دی نیشن