• news

خیبر پی کے حکومت نے پنجاب کی ٹیموں کو ہسپتالوں تک رسائی دینے سے انکار کر دیا

لاہور + پشاور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر وزیر صحت پرائمری خواجہ عمران نذیر خیبر پی کے میں ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت کے ڈینگی ایڈوائزری گروپ کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود اور دیگر سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم کے ساتھ گزشتہ روز پشاور پہنچ گئے تاہم خیبر پی کے حکومت نے پنجاب کی میڈیکل ٹیموں کو ہسپتالوں تک رسائی دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد پنجاب کی میڈیکل ٹیم پشاور کے علاقے نہکال میں میڈیکل کیمپ لگائے گی۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خیبر پی کے میں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کیلئے بلینک چیک دیا ہے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے سینئر انٹامالوجسٹ پر مشتمل ٹیم کو ایڈیشنل ڈایکریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول کی سربراہی میں پشاور روانہ کر دیا ہے۔ میانوالی سے موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پشاور روانہ کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت سیاسی معاملات سے بالاتر ہوکر مشکل کی اس گھڑی پر خیبر پی کے کی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے مشکل کی گھڑی میں خیبر پی کے کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے خیبر پی کے حکومت کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گورنر خیبر پی کے نے صوبائی وزیر صحت سے رابطہ کیا اور کہا پنجاب کی ٹیمیں انسانی ہمدردی کے تحت آئی ہیں۔ خیبر پی کے حکومت نے جواب دیا ہم خود ڈینگی وائرس سے نمٹ سکتے ہیں۔ اپنے وسائل استعمال کریں گے۔پشاورسے بیورورپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر مسلم لیگ(ن)خیبرپی کے کے صدر انجینئر امیرمقام نے وفاقی حکومت کی جانب سے پشاور میں ڈینگی وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کیلئے 2،2لاکھ امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں اور سینکڑوں افراد کے ہسپتال میں ہونے کے باوجود عمران خان کا ان کی خیریت دریافت نہ کرنا اور پرویز خٹک کا منہ موڑنا صرف قابل افسوس ہی نہیں بلکہ خیبرپی کے کے عوام کی توہین بھی ہے، میں خود مریضوںکی تیمارداری میںتاخیرپرمعذرت خواہ ہوںمگرتاخیراس لئے ہوئی کہ عمران خان یہ نہ ارشادفرمائیں ڈینگی پھیلانا بھی انجینئر امیرمقام کی سازش تھی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے بھی ڈینگی کے خلاف خیبر پی کے کو مدد کی پیشکش کردی۔ سندھ حکومت کے رہنما تیمور تالپور کے مطابق خیبر پی کے کے ساتھ ڈینگی متاثرین کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔ عمران خان پکنک چھوڑ کر صوبے کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔ ڈینگی سے عوام اذیت کا شکار ہیں اور کپتان پکنک منا رہے ہیں۔حکومت پنجاب نے پشاور کے علاقے تہکال میں سابق ایم پی اے عاطف الرحمان کے حجرے میں میڈیکل کیمپ لگا دیا۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ خان صاحب کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ شہبازشریف نے محبت سے بھیجا۔ کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں پورے شہر میں ڈینگی بچائو کے سپرے کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن