• news

لاہورمیں ٹریفک وارڈن فرض کی ادائیگی کے دوران ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق

لاہور (سٹاف رپورٹر + صباح نیوز) کینال روڈ پر روکنے کی کوشش پر تیز رفتار ٹرک ڈرائیور نے ٹریفک وارڈن کو کچل ڈالا۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک وارڈن حافظ نعیم انڈر پاس کینال بنک روڈ پر ڈیوٹی پر موجود تھا کہ نامعلوم مزدا ٹرک نے کینال روڈ پر گلزار انڈر پاس کے نیچے سے گزرنے کی کوشش کی جس کو روکنے کا اشارہ کرنے پر ڈرائیور ٹریفک وارڈن کو ٹکر مار کر فرار ہو گیا۔ حافظ نعیم کے سر میں چوٹ آنے سے اسے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعدازاں ٹریفک وارڈن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ متوفی کی آبائی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سی ٹی او رائے اعجاز و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ٹی او رائے اعجاز نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کیپٹن (ر) سید مبین کا ایک اور سپاہی شہید ہو گیا جس پر سٹی ٹریفک پولیس سوگوار ہے اور اس گہرے دکھ میں ان کے ورثاء کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ حافظ نعیم کی نماز بیگم کوٹ میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز احمد نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس میں ٹریفک فرائض سرانجام دینے والے تمام اہلکار اور افسران ایک فیملی کی مانند ہیں۔ محکمہ شہید کی ویلفیئر کیلئے اس کی فیملی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ شہید وارڈن قصور پورہ راوی روڈ کا رہائشی تھا اور سوگواران میں بیوی‘ تین بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن