احتساب کا پہیہ روکنے کیلئے سازشیں عروج پر ہیں: طاہرالقادری
لاہور (سپیشل رپورٹر) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ احتساب کا پہیہ روکنے کیلئے سازشیں عروج پر ہیں۔ ایوان وزیر اعظم اور جاتی عمرہ ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف سازشوں کے مراکز ہیں ۔ نااہل شخص اور انکے حواری ملکی سلامتی کے اداروںکے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں۔ نواز شریف اپنی ہی حکومت کے خلاف سر گرم ہو گئے ہیں ۔ اس وقت حکومت نام کے کسی ادارے کا وجود نہیں ہے۔ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو گا ۔ ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے ۔ خواتین ملک کی معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں مگر اس کیلئے بہترین اور موزوں پالیساں تشکیل دینا ہونگی۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں عوامی تحریک ویمن ونگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ پنجاب کی ضلعی اور تحصیلی عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی صدر فرح ناز،افنان بابر،عائشہ مبشر ، زینب ارشد،کلثوم جاوید،آمنہ بتول، فرحت دلبر اعوان، زریں قادری، ناہیدہ راجپوت، ہما اسماعیل، حریرہ بابر و دیگر موجود تھیں۔دریں اثنا ڈاکٹر طاہر القادری چند روزہ ذاتی دورے پر آج لندن روانہ ہونگے۔ وہ لندن میں ہونیوالی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ طاہر القادری عیدالاضحی سے قبل وطن واپس آجائیں گے اور عید لاہور میں ہی منائیں گے۔دریں اثنا طاہر القادری سے پی پی کے رہنما منظور وٹو نے ملاقات کی۔ ترجمان عوامی تحریک کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔