بلوچستان میں 801این جی اوزکی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی
کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان میں 801 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی ہے۔ اعلامئے کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت تمام غیرسرکاری تنظیموں کے لئے رجسٹریشن کی تجدید ضروری قراردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تمام مقامی و قومی اخبارات میں وقتاً فوقتاً اشتہارات بھی شائع کئے گئے تاکہ یہ تنظیمیں بروقت اپنی رجسٹریشن کی تجدید کرواسکیں۔اعلامئے کے مطابق 1204رجسٹرڈ این جی اوز میں سے403 اپنی رجسٹریشن کی تجدید کرواچکی ہیں۔ 801 تنظیموں کی جانب سے تجدید نہ کروانے پر ان غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔ سرکاری اعلامئے کے مطابق 183 نئی تنظیموں نے اندراج کروایا ہے جس سے غیرسرکاری رجسٹرڈ تنظیموں کی کل تعداد پانچ سو چھیاسی 586 ہوگئی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام غیرسرکاری تنظیمیں جن کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے اب ان کی رجسٹریشن کی تجدید نہیں کی جاسکتی۔