کوئٹہ: پٹرول ڈپو پر چھاپہ، پٹرولیم ڈیلر ایسو سی ایشن کی ہڑتال، احتجاجاً پمپ بند کر دیے
کوئٹہ(بیورو رپورٹ+ صباح نیوز) گزشتہ روز ایف آئی اے کی جانب سے بلوچستان کے پٹرول ڈپو پر چھاپے اور ڈپو کے انچارج کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے صوبے بھر میں پیٹرول پمپ بند کرکے ہڑتال کا اعلان کردیا جس کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پیٹرول پمپ بند رہے بلوچستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی ولی محمد نے بتایا کہ بلوچستان کے واحد آئل ڈپو پر ایف آئی اے کی جانب سے چھاپہ مارا گیا جس کے بعد ڈپو ملازمین نے احتجاجاً ڈپو بند کیا اور ہم نے بھی ا سکی تائید کرتے ہوئے پٹرول پمپ بند کردیئے ہیں کیونکہ اگر ڈپو ہی بند ہوگا تو پٹرول کہاں سے لائیں گے انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے نے ڈپو کے باہر سے کسی ٹینکر سے ایرانی ڈیزل برآمد کرنے کے بعد بلاوجہ ڈپو پر چھاپہ مار ا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہماری ہڑتال آئل ٹینکرا یسوسی ایشن کی ہڑتا ل سے مختلف ہے ہمارا پنا موقف اور مطالبات ہیں جن کی منظور ی تک پٹرول پمپ بند رہیں گے دوسری جانب پٹرول پمپ بند ہونے کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منی پٹرول پمپس کی بھی چاندی ہوگئی شہر میں قائم غیر قانونی پٹرول پمپس پر پٹرول 150سے 200 فی لیٹر فروخت ہوتا رہا۔ صباح نیوز کے مطابق کوئٹہ میں آئل ٹینکرز مالکان کی ہڑتال کے باعث شہر میں متعدد پٹرول پمپ بند کردیئے گئے ہیں۔دوسری جانب گزشتہ روز ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آئل ٹینکرز مالکان کے جائز مطالبات سننے کو تیار ہیں لیکن انسانی جانوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔