مسلم لیگ نون کو اندرونی خلفشار اور رسہ کشی لے بیٹھی‘ نوازشریف اپنے دشمن خود ہیں‘ مفاہمت کا باب بند ہو چکا : زرداری
لاہور (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری سے پارٹی رہنما سابق وزیر داخلہ فیصل صالح حیات نے بلاول ہاﺅس لاہور میں ملاقات کی۔ سابق صدر نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے مفاہمت کا کوئی امکان نہیں‘ افواہیں بے بنیاد ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سے مفاہمت کا باب کب کا بند ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی سیاسی حکمت عملی کے تحت اپنے نظرئیے پر چلے گی۔ نوازشریف کا کوئی دشمن نہیں وہ اپنے دشمن خود ہیں‘ این اے 120 کا ضمنی انتخاب پارٹی بھرپور انداز سے لڑے گی۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے کل منگل کو لاہور کے جیالے رہنماﺅں کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں وہ این اے 120 پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو ٹف ٹائم دینے کیلئے حتمی مشاورت کریں گے اور باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز بھی کریں گے۔ آصف علی زرداری سے صدر پی پی جنوبی پنجاب احمد محمود، ڈاکٹر عاصم، عزیز الرحمٰن چن، نیلم جبار، بشیر ریاض، عبدالقادر شاہین اور قیوم سومرو سے بھی ملاقات کی اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف اپنے اعمال کی وجہ سے اس انجام کو پہنچے مسلم لیگ (ن) کو اندرونی خلفشار اور رسہ کشی لے بیٹھی ہم نے جمہوریت کو مضبوط اور نواز شریف نے کمزور کیا۔ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) ہمارے طرز عمل سے سیکھنے کی بجائے مغرور ہوگئے ہم نے میثاق جمہوریت کیا اور انہیں پرامن اقتدار منتقل کیا میاں صاحب بادشاہ بن گئے وزرائ، ایم این ایز اور ایم پی ایز سے بھی نہیں ملت تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے وزراءاور منتخب ارکان انکے دور میں دربدر رہے۔ نوازشریف نے معیشت تباہ کر دی۔ کسان اور مزدور برباد ہو گئے۔ پارلیمنٹ کو مقتدر بنانے کی بجائے نوازشریف خود اختیارات کا منبع بن گئے۔ اپنی جیبیں بھرنے کیلئے لیگی حکومت نے ڈالر کی مصنوعی قلت پیدا کی آصف زرداری نے کہا کہ پی پی نے قوم کو ایک بار پھر نوجوان قیادت دی ہے قوم کا ہر طبقہ بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کر رہا ہے لوگ بلاول بھٹو کو امید کی کرن سمجھتے ہیں بلاول ہی مستقبل ہے خود کو لیڈر کہنے والے مصنوعی سیاستدانوں کے چہروں کی چمک اتر چکی ہے۔
زرداری