• news

;;نثار نے مسلم لیگ (ن) میں دراڑ کی قیاس آرائی کرنے والوں کو مایوس کردیا

اسلام آباد ( محمد نوازرضا ‘وقائع نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس میں جہاں اپنی سوا چار سالہ کارکردگی بیان کی ہے وہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں دراڑیں پیدا ہونے کی قیاس آرائیاں کرنے والوں کو مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں ”تندوتیز“ سوالات کا جواب دے کر اخبار نویسوں کو کوئی بڑی خبر نہیں دی، ان کے بارے میں الیکٹرانک میڈیا پر پراپیگنڈہ کیا جا رہا تھا کہ وہ آج پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لیں گے لیکن انہوں نے پارٹی اختلافات کے بارے میں کئے جانے والے سوالات کو ٹال دیا جب ان سے پوچھا گیا کہ پارٹی کے اندر کچھ عناصر ان کے اور میاں نوازشریف کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں تو انہوں نے کہا یہ سوال ان عناصر سے پوچھا جائے جن کی طرف آپ نشاندہی کر رہے ہیں۔ نوائے وقت نے چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس کے بارے پیشگوئی کر دی تھی کہ چوہدری نثار علی خان وزارت داخلہ کی کارکردگی بیان کریں گے۔ چوہدری نثار علی خان پارٹی میں کوئی گروپ بنا رہے ہیں اور نہ ہی وہ کسی اورپارٹی میں جارہے ہیں تاہم وہ ان کی راہ میں کانٹے بچھانے والوں سے دو، دو ہاتھ کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ چوہدری نثار علی خان ”کلوزڈور“ ہونے والی میٹنگز کی باتیں منظر عام پر آنے پر سخت نالاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے پارٹی کو قومی احتساب بیورو کے شکنجے سے نکلنے کی حکمت عملی تیار کرنے پرزور دیا ہے اور اداروں سے تصادم کی پالیسی اختیار نہ کرنے پر آمادہ کررہے ہیں ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف پارٹی میں ڈسپلن پیدا کرنے کیلئے جلد گائیڈ لائن دیں گے۔
نثار/ مایوسی

ای پیپر-دی نیشن