پشاور: ڈینگی مریضوں کی تعداد 900 ہوگئی‘ بچاﺅ کیلئے حکومت پنجاب سرگرم
پشاور+ لاہور (این این آئی+ نیوز رپورٹر) پشاور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد تاحال زیر علاج ہیں۔ پشاور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جولائی سے اب تک 5 ہزار 78 مریضوں کی سکریننگ کی گئی جس میں 862 میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو لایاگیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں 142 مریض تاحال زیر علاج ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈینگی کے 38 مریضوں کو داخل کرایا گیا جن میں سے 14 تاحال زیر علاج ہیں۔لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے خیبر پختونخوا میں ڈینگی مریضوں کی تشخیص و علاج کیلئے مزید اقدامات کئے ہیں اور پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز بمعہ ضروری طبی آلات و ادویات پشاور روانہ کر دی گئی ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر دو موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پشاور کیلئے روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ قبل ازیں ایک موبائل ہیلتھ یونٹ پہلے ہی پشاور بھجوایا جا چکا ہے جو علاقے کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں 800 مریضوں کا معائنہ کیا۔ وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت ڈینگی کے مسئلے کو آسان لے رہی ہے۔ کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں‘ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آئے ہیں۔ خیبر پی کے کے وزیرصحت کو فون کیا مگر وہ ہیں آئے۔ اتوار کو تہکال میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پارٹی جھنڈا نہیں قومی پرچم لائے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہم سیاست نہیں‘ ڈینگی کے خلاف عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تعاون پر تہہِ دل سے شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے 13 افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ڈاکٹروں کی ٹیم اور عوام کے درمیان رابطے اور سہولیات بہتر بنانے کا کام کرے گی۔ دریں اثنا میڈیا پر خبر چلنے کے بعد شہرام ترکئی کی جانب سے وزیر صحت پنجاب سے رابطہ کیا گیا جس میں انہوں نے پنجاب حکومت سے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سہولت لینے پر آمادگی ظاہر کی۔ وزیرصحت پنجاب خیبر ٹیچنگ ہسپتال بھی گئے جہاں پر انہوں نے ڈینگی سے متاثرہ زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی۔ ادھر گورنر خیبر پی کے کی درخواست پر محکمہ صحت پنجاب کی انسداد ڈینگی ٹیم نے فاٹا سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔