• news

نثار کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھی: پیپلزپارٹی، سابق وزیر داخلہ کھل کر کھیلیں: شیخ رشید

لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی)پیپلزپارٹی نے چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے۔ سیکرٹری اطلاعات پی پی پنجاب مصطفی نواز نے کہا ہے کہ چودھری نثار نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ تھے۔ جسٹس فائز عیسیٰ کمشن کی رپورٹ چودھری نثار کی بدترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔ چودھری نثار دہشت گردی کے خلاف فوجی آپریشنز کی کامیابیوں کا کریڈٹ نہیں لے سکتے۔ اب ملک میں سیاسی اتحاد بننے کا موسم شروع ہوچکا ہے۔ اس موسم میں مختلف پرندے اپنے گھونسلوں کو تبدیل کریں گے اور نئے گھرانے تلاش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس سے کوئی نئی بات نہیں نکلی ہے۔ اس وقت پرویز رشید چوہدری نثار پر حاوی ہوگئے ہیں۔ چوہدری نثار نے اپنے اختلاف کی وجہ تو نہیں بتائی، وہ پکے مسلم لیگی ہیں۔ حالات کچھ بھی ہوں، وہ پارٹی تبدیل نہیں کریں گے۔ چوہدری نثار کی زیادہ سے زیادہ حلقے کی سیاست پر نظر ہوتی ہے اس لئے وہ کنفیوژن کا شکار ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ بہت جلد ڈان نیوز، باقر نجفی رپورٹ اور جے آئی ٹی کا والیم 10 مارکیٹ میں آجائے گا، اداروں میں سب سے زیادہ مقبول ڈان لیکس ہے اگر اس میں کچھ ہوتا تو عوام کے سامنے آجاتا۔
پی پی/ شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن