بانی متحدہ، کلبھوشن کا جرم ایک دونوں غدار ہیں: سہیل انور سیال
کراچی (اے این این ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بانی ایم کیو ایم کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے تشبیہ دیتے ہوئے پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں اور غدارِ پاکستان کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور بانی ایم کیو ایم کو غداری وطن کے جرم میں پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق ایک جیسی سزا دی جانی چاہیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت کراچی آپریشن کے لیے صوبائی حکومت کو فنذر فراہم نہیں کر رہی۔ سہیل سیال نے کہاکہ کراچی آپریشن سے قبل یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ کراچی آپریشن کے آدھے اخراجات سندھ حکومت اور آدھے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کا وعدہ تھا کہ وہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بحال کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کراچی آپریشن کو بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رکھا اور اسے اسی طرح جاری رکھا جائے گا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ تھی اور ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی جماعت کی مرکز اور صوبہ پنجاب میں حکومت ہے لیکن پھر بھی وہ کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی کی جارہی، وہ یہ بتائیں کہ ان کے ساتھ زیادتی کون کر رہا ہے۔سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم ملک کے غدار ہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو اور بانی ایم کیوایم کا جرم ایک ہی ہے دونوں کو پھانسی پر لٹکایا جانا چاہئے، 14 اگست کو بھی بانی ایم کیو ایم کے حکم پر یوم سیاہ منایا گیا یہ سب کام کرنے والے ملک کے غدار ہیں ان کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی۔