جوہری ڈیل کو امریکہ سے تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: ایرانی صدر
تہران (اے ایف پی ) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح جوہری ڈیل کو امریکہ سے تحفظ فراہم کرنا ہے،مشترکہ جامع پلان کو امریکہ اور دیگر مخالفین بچانا وزیر خارجہ کا بنیادی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ کا بنیادی فریضہ یہ ہے کہ وہ جوہری ڈیل کی روشنی میں طے پانے والے مشترکہ جامع پلان کی حفاظت کریں اور کسی طور پر اسے امریکہ اور دوسرے مخالفین کی جانب سے نقصان نہ پہنچنے دیں۔ ایرانی صدر نے ملکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور جوہری ڈیل کی اہمیت کے حوالے سے ان خیالات کا اظہار ملکی پارلیمنٹ میں کیا۔ دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ نے روحانی کے سترہ میں سے سولہ وزرا کی توثیق کر دی ہے۔ توانائی کے لیے نامزد وزیر کی منظوری نہیں دی گئی۔