• news

متحدہ کی اے پی سی‘ پاک سرزمین پارٹی نے شرکت کا اعلان کردیا‘ آفاق احمد بھی راضی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) متحدہ پاکستان نے ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد کو اے پی سی میں شرکت پر راضی کر لیا جبکہ پاک سرزمین پارٹی نے بھی آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق پاک سرزمین پارٹی نے توقع ظاہر کی ہے ایم کیو ایم پاکستان ملک دشمن بھارتی ایجنٹ الطاف حسین اور اس کے ساتھیوں کے بارے میں واضح موقف اپنا کر آج کے یوم نجات کو موثر بنائے گی۔ یہ بات پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما انیس ایڈووکیٹ نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان و فیصل سبزواری سمیت دیگر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔ انیس ایڈووکیٹ نے کہا چاہتے ہیں سندھ اور بالخصوص کراچی کے مسائل مل بیٹھ کر ایک متفقہ حکمت عملی کے تحت حل کریں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہم پہلے سے ہی الطاف حسین سے اعلان لاتعلقی کرچکے ہیں اور یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے لہٰذا مزید وضاحتیں دینے کی ضرورت نہیں۔ ہمارا پروگرام عوام کی خدمت کرنا ہے اور یہ آپس میں مل بیٹھ کر باہمی حکمت عملی کے بغیر ایک دوسرے کیخلاف سازشوں سے نہیں کیا جاسکتا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آفاق احمد نے اے پی سی میں شرکت کی حامی بھر لی۔ متحدہ پاکستان کے رہنما عامر خان نے وفد کے ہمراہ آفاق احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ عامر خان نے کہا سیاسی نظریات اپنی جگہ لیکن ایشوز پر ہمیں مل کر سیاست کرنی چاہئے۔ آفاق احمد نے کہا متحدہ پاکستان کا دعوت نامہ موصول ہو گیا۔ میں نے اس دعوت نامے کو قبول کیا ہے۔ سیاسی رویوں میں مثبت تبدیلیوں کو سب نے اچھا محسوس کیا ہے۔ پاکستان کیخلاف سازشوں پر مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔ عامر خان نے کہا کہ اے پی سی میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات کی بات ہو گی جو کرپشن اور بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے اس پر بات ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن