• news

نواز‘ شہباز ملاقات‘ الیکشن 2018ء کے بعد ترقیاتی کام بلدیاتی اداروں کے ذریعے کرانیکا فیصلہ

لاہور (فرخ سعید خواجہ) سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کو بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے بریفنگ کے بعد نوازشریف اور شہبازشریف نے اصولی فیصلہ کر لیا ہے کہ الیکشن 2018ء کے بعد ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز نہیں دئیے جائیں گے بلکہ منتخب بلدیاتی اداروں کے ذریعے تمام ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں لاہور کے بدلیاتی نمائندوں کو پارٹی کی طرف سے لگائی گئی ڈیوٹیوں کے پیش نظر پنجاب بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کنونشن محرم الحرام کے بعد کئے جانے کی تجویز زیرغور آئی۔ اجلاس میں شرکاء نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔ کہا گیا کہ موجودہ بلدیاتی نظام میں وائس چیئرمین کا کوئی رول نہیں ہے اسلئے وائس چیئرمینوں کے گروپ اور اتحاد بن گئے ہیں‘ کونسلروں کے اتحاد بھی وجود میں آگئے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ وائس چیئرمین کا رول ہو اور کونسلروں کو بھی موثر بنایا جائے۔ مزید برآں ڈویلپمنٹ کے کام لوکل باڈیز کے ذریعے ہی ہونے چاہئیں۔ قائدین نے اتفاق کیا کہ لوکل باڈیز کو مزید موثر بنایا جائے اور انہیں زیادہ اختیارات دئیے جائیں تاہم 2018ء الیکشن کا سال ہے لہٰذا ترقیاتی فنڈز کا جو سلسلہ رائج ہے اسے فی الحال نہ چھیڑا جائے البتہ الیکشن 2018ء کے بعد پارلیمنٹرین کا رول پارلیمنٹ میں ہی ہونا بہتر ہوگا اور انہیں ترقیاتی کاموںسے الگ کرکے یہ کام بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی کرانا بہتر ہوگا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے ملاقات کیلئے انکی رہائش گاہ ماڈل ٹائون 96۔H گئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے بعد میاں نوازشریف نے H-180 ماڈل ٹائون آئے جہاں انہوں نے پبلک افیئرز یونٹ پنجاب کے موجود ممبران اور سٹاف سے ملاقات کی۔ بعدازاں میاں نوازشریف ایک مرتبہ پھر H-96 ماڈل ٹائون گئے جہاں انہوں نے دوپہر کا کھانا میاں شہبازشریف کی فیملی کے ساتھ کھایا اور پھر جاتی عمرہ روانہ ہوگئے۔ نوازشریف سے حمزہ شہباز‘ بلال یاسین‘ خواجہ سعد رفیق‘ پرویز ملک‘ رانا ثناء اللہ سمیت اہم رہنمائوں نے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف روزانہ کی بنیادوں پر پارٹی ارکان اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ گزشتہ روز این اے 120 کے مقامی رہنمائوں نے نوازشریف اور وزیراعلی شہبازشریف سے ملاقات کی جبکہ میاں نوازشریف نے اس موقع پر کہا کہ ہم جمہوریت ‘آئین وقانو ن اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ہر محازپر جنگ لڑیں گے ‘ملک میں تبدیلی صرف عوام کے ووٹوں سے ہی آئیگی۔ مسلم لیگ (ن) قومی امنگوں کی سیاست کر رہی ہے‘ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم اور قوم ہمارے ساتھ ہیں، ہمیںکوئی جدا نہیں کرسکتا۔

ای پیپر-دی نیشن