چنیوٹ، ساہیوال بونگہ: شادی نہ ہونے پر لڑکے، گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 لڑکیوں کی خود کشی
چنیوٹ+ ساہیوال+ بونگہ حیات (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) پسند کی شادی نہ ہونے پر خود کو فائر مار کر لڑکے نے خود کشی کر لی جبکہ گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 لڑکیوں نے جان دیدی۔ چنیوٹ میںکزن سے پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان نے پسٹل کا فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ گھریلو جھگڑے پر لڑکی نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی۔ تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 13/ ج ب کالرو کا 28 سالہ نوجوان الفت ولد ظفر اپنے ماموں کی لڑکی فروا کے ساتھ پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا۔ رشتہ نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر نوجوان الفت نے پسٹل سے فائر کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ غفورہ آباد میں گھریلو جھگڑے پر والدین کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر چودہ سالہ لڑکی سدرہ دختر عبدالرزاق قوم شمسی نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی لڑکی کی نعش پورسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ ساہیوال میں ڈی پی ایس روڈ کالونی جہاز گرائونڈ میں گھریلو تنازعہ پر 25 سالہ شادی شدہ لڑکی نے چوہے مار گولیاں کھا کر خود کشی کرلی۔ محمد ساجد کی بیوی 25سالہ سونیا کا گھریلو مسئلہ پر جھگڑا ہوگیا اور سونیا کو اس کے والدین نے بھی ڈانٹا جس پر دلبر داشتہ ہو کر سونیا نے چوہے مار گولیاں کھا لیں اور بعد ازاں سول ہسپتال ساہیوال میں دم توڑ گئی۔ مدینہ ٹائون بونگہ حیات کی رہائشی (م) نے پنکھے سے جھول کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ تھانہ چک بیدی مصروف تفتیش ہے۔