• news

کراچی ناردرن بائی پاس،3 نعشیں برآمد، متحدہ کے 5 کارکن اشتہاری قرار، وزیراعظم کا جعلی بیٹا گرفتار

کراچی(رپورٹ تنویر بیگ + نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں حال ہی میں سامنے آنے والی جہادی تنظیم انصار الشریعہ نے پولیس اہلکاروں اور رضا کاروں کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔ پیر کی صبح کراچی میں نادرن بائی پاس سے ملنے والی تین لاشوں کے پاس سے ملنے والے انصار الشریعہ نامی تنظیم کے پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ اللہ پاک کی طاقت و توفیق سے رحمان کے بندوں (جماۃ انصار الشریعہ پاکستان) کے ہاتھوں شیاطین و کفار (غیر مسلم ایجنسی موساد اور انڈین ایجنٹوں) کو ایسی حالت میں اللہ کا عذاب موصول ہوا اور جو رب تعالیٰ کی حکم عدولی کرتے ہوئے کفار کے آلہ کار بن کر کراچی میں مسلمانوں کے سکیورٹی اہلکاروں‘ غریب پولیس اہلکاروں اور رضا کاروں کے قتل میں شامل تھے اللہ کے شیروں حقیقی مجاہدین کے ہاتھوں کتے کی موت مارے گئے۔ یہ ان پولیس رضا کاروں کے قتل کا بدلہ ہے اور آئندہ بھی بدلہ لیا جائے گا۔ پمفلٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام لوگ جو کفار اور غیر ملکی قوتوں کو اپنا ایمان فروخت کرچکے ہیں ان کو انتباہ کیا جاتا ہے کہ وہ راہ راست پر آجائیں اور اپنے غیر اسلامی مقاصد کی تکمیل کیلئے ہماری جہادی تنظیم کا نام استعمال کرنا چھوڑ دیں۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے یوسی 8 پر حملہ اور پیپلز پارٹی کے کارکن کے قتل کیس میں ایم کیو ایم کے 5 کارکنان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ پیر کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار شکیل بنارسی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے دو مقدمات میں ایم کیو ایم کے 5 کارکنوں کو اشتہاری قرار دیا۔ ملزمان میں اورنگی کے جوائنٹ سیکٹر ممبر افسر زیدی، یونٹ انچارج منظور عالم عرف باکھڑا، عادل عرف پگلہ، ذوالفقار عرف ذلفی اور کاشف بھی مفرور ملزمان میں شامل ہیں۔ سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ اور حساس ادارے نے ڈیفنس میں کارروائی کے دوران خود کو وزیراعظم کا بیٹا کہہ کر جعلسازی کرنے والا گرفتار کرلیا۔ ملزم نے جعلی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ ملزم کا اصل نام امجد علی ولد پرویز ہے۔ ملزم کے جعلی شناختی کارڈ میں والد کا نام شاہد خاقان عباسی ہے۔ ملزم نے ایک سرکاری محکمے کا بھی جعلی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ پولیس نے کراچی کے علاقے گارڈن سے ڈکیتی اور اغوا کی وارداتوں میں ملوث ایف آئی اے انسپکٹر سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں انسپکٹر ملک عبدالستار سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں، گرفتار انسپکٹر اندرون سندھ تعینات تھا۔

ای پیپر-دی نیشن