مقبوضہ کشمیر کی صورتحال عالمی برادری کے لئے چیلنج ہے:برطانوی ارکان پارلیمنٹ
اسلام آباد (آئی این پی) صدر آزادکشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی برادری پر زور دے‘ برطانوی وفد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جاننے کے لئے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرے‘ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی‘ اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ کشمیریوں کی حالت زار سے متعلق برطانوی ہائی کمیشن کو آگاہ کیا ہے‘ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال عالمی برادری کے لئے چیلنج ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ گراہم جونز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے۔ کوشش ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کرے۔ پیر کو صدر آزادکشمیر مسعود خان اور برطانوی پارلیمنٹرینز نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر صدر مسعود خان نے کہا کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ برطانوی ایم پی ایز نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی برادری پر زور ڈالے۔ برطانوی وفد صورتحال جاننے کے لئے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرے۔ آئے دن مقبوضہ کشمیر میں بے تحاشا گرفتاریاں ہورہی ہیں۔ بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں لامحدود اختیارات حاصل ہیں۔ مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارتی فوج بلا جواز کشمیری رہنمائوں کو گرفتار کررہی ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر من گھڑت مقدمے قائم کئے جارہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی‘ اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جان بوجھ کر کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتے ہے۔ حریت رہنمائوض کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ آزادکشمیر کے دورے کی دعوت پر صدر مسعود خان کے شکر گزار ہیں۔ دورے سے ایل او سی کی دونوں جانب کشمیریوں کی حالت زار کا علم ہوا ہے۔ کشمیریوں کی صورتحال سے برطانوی ہائی کمشن کو آگاہ کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال عالمی برادری کے لئے ایک چیلنج ہے۔ اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ گراہم جونز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایل او سی پر کشیدگی کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ دورہ کشمیر میں مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔