ایفی ڈرین کیس‘ حنیف عباسی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس عباد الرحمن لودھی نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کو جاری کئے گئے نوٹس کے خلاف دائر رٹ پر فریقین کو نوٹس جاری کر کے 4 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔ حنیف عباسی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایفیڈرین کوٹہ کیس کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہے جس میں اب صرف ایک گواہ کا بیان ریکارڈ ہونا ہے اس لئے کیس کی ازسرنو تحقیقات انہیں پریشان کرنے کے مترادف ہے فاضل وکیل نے دلائل میں کہا کہ کیس کی انکوائری کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ان کے موکل محمد حنیف عباسی کی ضمانت ہائیکورٹ نے منظور کی تھی لیکن اس کے باوجود ازسرنو تحقیقات کا کوئی جواز نہیں اور سائل محمد حنیف عباسی اور ان کی فیملی کے بینک اکائونٹ بھی منجمندکر دیے گئے عدالت عالیہ سے سے استدعا ہے کہ اے این ایف کے جاری کردہ نوٹس معطل کر کے بینک اکائونٹس بحال کرنے کا حکم جاری کیا جائے جس پر عدالت عالیہ نے ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف راولپنڈی ،انچارج تھانہ اے این ایف راولپنڈی اور تین نجی بینکوں کے مینجرز کو نوٹس جاری کر کے چار ستمبر تک جواب طلب کر لیا اس رٹ کے خلاف اے این ایف کی جانب سے پراسیکیوٹر توقیر ستی ایڈووکیٹ عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔