این اے 120‘ انتخابی تیاریوں کی نگرانی کرتا رہوں گا: حمزہ شہباز برطانیہ چلے گئے
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پبلک افیئرز یونٹ پنجاب کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز امارات ائرلائنز کی پرواز سے لاہور سے برطانیہ چلے گئے۔ روانگی سے قبل این 120کے ضمنی الیکشن کی کورکمیٹی سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا بیگم کلثوم نواز صاحبہ میری والدہ کی جگہ ہیں اور این اے 120 کا الیکشن اپنا الیکشن سمجھ کر لڑوں گا جس کیلئے وارڈ کی سطح پر ذمہ داریاں لگا دی گئی ہیں اور ان کی نگرانی کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ وہ باہر رہ کر بھی روزانہ کی بنیاد پر اس ضمنی الیکشن کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہاکہ وہ بہت بڑے فرق کے ساتھ این اے 120 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کثر اٹھا نہ رکھیں۔ این اے 120مسلم لیگ (ن) کا آبائی حلقہ ہے جس میں کئی مرتبہ محمد نواز شریف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے رہے ہیں اور انشاء اللہ اس مرتبہ بھی شیر اس علاقے سے بڑے مارجن سے جیتے گا۔ نوازشریف کی قیادت میں پارٹی مکمل طور پر متحد ہے، نت نئی قیاس آرائیاں ماضی میں بھی ہوتی رہی ہیں اور انکی طرح اب سامنے آنے والی افواہیں بھی بہت جلد دم توڑ جائیں گی اور عوام کے مسائل حل کرنے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈا پر عمل ہوتا رہے گا۔ یاد رہے کہ حمزہ شہباز اعلیٰ قیادت کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔ ان کا پروگرام طے شدہ تھا۔