نوائے وقت کے کا لم نگار‘ ماہر تعلیم ادیب جاودانی انتقال کر گئے‘ میانی صاحب میں سپردخاک
لاہور (لیڈی رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) نوائے وقت کے کالم نگار و ممتاز ماہر تعلیم ادیب جاودانی انتقال کر گئے۔ انہیں گزشتہ روز میانی صاحب قبرستان میں آہوں سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ انکی نمازجنازہ مادر ملت پارک ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر رفیق احمد، سیکرٹری شاہد رشید، مرحوم کے صاحبزادے کاشف ادیب، پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ، سینئرصحافی جمیل، نوید چوہدری، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا، وقاص احمد خان کے علاوہ صحافیوں واساتذہ رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ادیب جاودانی کی نماز جنازہ مولانا محمد شفیع جوش نے پڑھائی ۔ انکی رسم قل آج 23اگست کو شام تین بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے احاطے میں واقع زمان مسجد میں ادا کی جائے گی، قرآن خوانی کاآغاز تین بجے ہوگا جبکہ ختم ودعا ساڑھے چار بجے ہوگی۔ مرحوم کی عمر 75برس تھی۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ادیب جاودانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ادیب جاودانی کالم نگاری میں منفرد انداز رکھتے تھے اور مرحوم نے فروغ تعلیم کیلئے بھی گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ مرحوم کو صحافتی و تعلیمی شعبے میں خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔