دورہ پاکستان ، پی سی بی نے سری لنکن ٹیم کیلئے فوج ، رینجر کی سکیورٹی مانگ لی
لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے ملاقات کی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ کچھ آفیشلز کیلئے ویزے بھی مانگے ہیں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے کیلئے فوج اور رینجرز کی سکیورٹی مانگی ہے۔ وزیر داخلہ نے سری لنکن ٹیم کو سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے۔ پاکستان آنےوالی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی دی جائےگی۔ ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال عالمی مقابلوں کے انعقاد کیلئے موزوں ہے۔ حکومتِ پاکستان کھیلوں کی پذیرائی کےلئے سرگرداں ہے۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کھلاڑیوں کی حفاظت کےلئے منظم اور مربوط حکمت عملی مرتب کی جائےگی۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائےگی۔ سلمان بٹ کو غلطی کا احساس ہو گیا ہے تو پاکستان کی دوبارہ نمائندگی ضرور دینی چاہیے۔ پرچی سسٹم کا خاتمہ کرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور خاص طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کو ملک میں واپس لانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آنےوالی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت جنوبی افریقی کھلاڑی ہاشم آملہ یا فف ڈوپلیسی کو سونپی جا سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ، ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے مالی معاملات اور بیمہ کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔آئندہ چند روز میں معاہدے طے کرلیے جائیں گے کپتان کا اعلان بھی کر دیا جائےگا۔ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے ورلڈ الیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کےلیے فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔ آئندہ ماہ ورلڈ الیون کے دورے کے کامیاب اور پرامن انعقاد کی بنیاد پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ورلڈ الیون کے دورے کی اہمیت کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام بہت اہم ہے۔ ہم کوئی بھی خامی یا کمی نہیں چھوڑنا چاہتے تمام معاملات پر گہری اور قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی معاملات پر بات چیت کی گئی ہے۔ پروڈکشن ٹیم میں شامل غیر ملکیوں کے ویزہ جاری کرنے کے حوالے سے بھی ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ سفری معاملات میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے وزارت داخلہ نے اس معاملے پر بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سکیورٹی ٹیم دو روزہ دورے پر 26اگست بروز ہفتہ کولاہور پہنچے گی۔ ٹیم 2 روزہ دورہ کے دوران سٹیڈیم‘ اس میں موجود سہولیات ، ہوٹل اور آنے جانے والے راستوں کا جائزہ لے گی۔