• news

گوادر پورٹ پر ترقیاتی کام جاری، 3 سال تک فعال کر دیا جائیگا: پاکستانی سفیر

بیجنگ (آئی این پی) چین میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہے اور یہ بندرگاہ تین سے چار برسوں میں مکمل فعال ہو جائے گی، گوادر شہر اور بندرگاہ پر پاور پلانٹ قائم کیا جا رہا ہے، گوادر میں ہائی ویز کی توسیع اور تعمیر کی جا رہی ہے، فاصلے اور لاگت میں کمی سے گوادر پورٹ اپنا مقام خود پیدا کرے گی، بندرگاہ نہ صرف پاکستان، چین اور دیگر ممالک کے تجارتی و کاروباری مفادات کی خدمت کرے گی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان ماہی گیری، معدنیات، سنگ مرمر اور گرینائٹ کی برآمدات میں اضافہ کر سکتا ہے، سی پیک کے تحت دیگر منصوبے بھی پاکستاں کو خوشحال اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد دیں گے، چائنا اوآر جی ڈاٹ کام سے ایک خصوصی انٹرویو میں چین میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کو مکمل فعال کرنے کے لئے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اور آئندہ تین سے چار سالوں میں کام مکمل کر کے اس آپریشنل کر دیا جائے گا۔ گوادر شہر اور بندر گاہ پر پاور پلانٹ قائم کیا جا رہا ہے جو شہر اور بندر گاہ کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔ گوادر میں ہائی ویز کی توسیع اور تعمیر کی جا رہی ہے جس سے سامان کی ترسیل میں تیزی اور اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندر گاہ فاصلے کو سمیٹے گی اور اس وجہ سے اخراجات میں کمی آئے گی جس کی بنا پر گوادر پورٹ کو دنیا میں اپنی پہچان آپ بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین اور متعدد وسطی ایشیائی ممالک باہم پڑوسی ہیں لہٰذا گوادر پورے خطے کی معاشی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔ حقیقت میں یہ پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کا منصوبہ ہے۔ جیسے جیسے گوادر پورٹ کے منصوبے اور سی پیک کے تحت دوسرے منصوبے مکمل ہوتے جائیں گے ویسے ویسے پاکستاں خوشحال اور بے روزگاری پر قابو پانے میں کامیاب ہو گا۔ ان تمام منصوبوں میں بنیادی ڈھانچہ کی بہتری، روزگار کے بہتر مواقع دیئے جائیں گے۔ اس طرح سے سی پیک پاکستان کی سماجی اقتصادی ترقی اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود میں حصہ ڈال رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن