• news

.مسلم امہ القدس کے معاملے میں اتحاد کا مظاہرہ کرے : ترک صدر

انقرہ (اے پی پی) صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو القدس کے معاملے میں مکمل طور پر باہمی تعاون قائم کرنا چاہیے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق اردگان نے کہا کہ خاص طور پر یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم اْردن کے القدس کے مقدس مقامات کے تحفظ کے حوالے سے کردار کو اہمیت دیتے ہیں۔ ہم نے گزشتہ ماہ حرم شریف کے حوالے سے رونما ہونے والے بحران کے دائرہ کار میں اہم سطح پر ڈائیلاگ اور باہمی تعاون قائم کیا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس مقدس مقام پر اس طرح کے واقعات دہرائے جائیں، اس کے لیے تمام تر مسلمانوں کو باہمی تعاون کا ماحول قائم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شاہ اْردن کے ساتھ آئندہ کے ایام میں فلسطین کو دی جانے والی حمایت کے معاملات کو زیرِ غور لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دورے میں اردن کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو سرمایہ کاری کی بدولت فروغ دیے جانے پر بھی غور کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی طرح اردن بھی بھاری تعداد میں شامی مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے وہاں تقریباً 10 لاکھ شامی پناہ گزین آباد ہیں۔ ہم ان کو درپیش مشکلات کو سمجھتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ اس معاملے میں اردن اور ترکی کے خدشات یکساں ہیں۔دریں اثناء ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ترکی عالمی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے معاملے میں اپنے تجربات سے سنگاپور کو مستفید کرنے کے لیے تیار ہے۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے سنگاپور کے وزیر اعظم لین حسائن لونگ کے ساتھ قصر استانہ میں بین الاوفود مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے سنگاپور کے 52 ویں یوم آزادی کی مبادکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے سنگاپور کے دورے سے دلی مسرت ہوئی ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی علاقے کی اہمیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ہم سنگاپور کے ساتھ دوستانہ ماحول میں تعلقات کو فروغ دینے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں ۔ وزیر اعظم یلدرم نے کہا کہ سنگاپور کے صدر ٹونی اور وزیر اعظم لی کے ساتھ دوطرفہ اور اہم علاقائی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے اور عالمی میدان میں موجودہ تعمیری تجارتی تعاون کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن