• news

.حالات کچھ بھی ہوں 2018ء کا الیکشن مسلم لیگ(ن) ہی جیتے گی: رانا تنویر

مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار راناتنویر حسین نے کہا ہے کہ حالات کچھ بھی ہوں‘ الیکشن 2018ء مسلم لیگ(ن) ہی جیتے گی اور حکومت بنائے گی۔ میاں نوازشریف کو نااہل تو کیا جاسکتا ہے مگر عوام کے دلوں سے انکی محبت ختم نہیں کی جاسکتی۔ چار روزہ سرکاری دورہ دبئی‘ سوئٹزر لینڈ جانے سے قبل اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں برادران میں اختلافات کی خبریں مخالفین کا خواب ہی رہے گا۔ چودھری نثار پارٹی کا چہرہ ہیں‘ اختلافات جمہوریت کا حصہ ہے۔ عمران‘ زرداری چور دروازے اور بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں آنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ سیاسی میدان سجا تو دودھ کا دودھ‘ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ این اے 120 میں کلثوم نواز بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری 4سالہ حکومتی کارکردگی عوام کے سامنے ہے‘ اقتدار سنبھالا تو ملک بحرانوں میں گھرا ہوا تھا۔ نوازشریف نے جرأت‘ بہادری اور خندہ پیشانی سے تمام ایشو ز کو دیکھا اور عسکری اداروں کے تعاون سے آج الحمداللہ ملک کی حالت قوم کے سامنے ہے۔ سی پیک سمیت میگا انرجی منصوبوں کی بنیاد رکھ کر مہنگائی‘ بے روزگاری کاخاتمہ کرکے نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کرنے کی کوششیں کی گئیںمگر سازش کے تحت عوام کے منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن