• news

تربت: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ‘ 2 اہلکار شہید‘ 3 زخمی

تربت ، شادن لنڈ(آن لائن+ نامہ نگار) تربت میں دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2ایف سی اہلکار شہید جبکہ 3شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز تربت کے علاقے دشت میں ایف سی اہلکار چیک پوسٹ پر اپنے فرائض سرانجام دے رے تھے کہ اچانک دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایف سی اہلکار اسلم اور واجد موقع پر جام شہادت نوش کر گئے جبکہ 3 اہلکار فائرنگ کے زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے۔ ایف سے اہلکاروں نے بھی دہشت گردوں پر جوابی کارروائی کی لیکن دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد زخمی اہلکاروں کو ہسپتال میں طبی امداد کے لئے پہنچا دیا گیا۔واقعہ کے بعد سکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آخری اطلاعات کے مطابق متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف شہید ایف سی اہلکار محمد اسلم کی شہادت کی خبر سنتے ہی انکے آبائی علاقے شادن لنڈ کی فضا میں سوگ کی کیفیت طاری ہوگئی۔ اس موقع پر محمد اسلم کے والد حاجی محمد نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے جس نے ملک دشمنوں کیخلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن