دہشت گردی کیخلاف پاکستانی اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں‘ شہزادہ محمد: سعودی سالمیت کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے‘ شاہد خاقان
ریاض (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ مستحکم تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور اس کی قیادت کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا اور سعودی سالمیت کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ سعودی قیادت کا 2030ء کی ترقی کا ویژن قابل تحسین ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے، خطے کے استحکام کیلئے جانی و مالی قربانی دی۔ سعودی عرب کی سلامتی کیلئے تمام کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں۔ امید ہے پاکستان ترقی اور خوشحالی کی طرف سفر جاری رکھے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ سعودی عرب پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے۔ امید ہے پاکستان جلد تمام چیلنجز پر قابو پاکر ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور سمیت دوطرفہ اور اُمہ کو درپیش معاملات پر بات چیت کی گئی۔ خطے میں امن و سلامتی اور ترقی سے متعلق مذاکراتی عمل اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ رواں سال پاکستانی حجاج کیلئے انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔