اے بی ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے دستبردار
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک )اے بی ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہو گئے‘انہوں نے تینوں فارمیٹس میں ٹیم کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میری عدم موجودگی میں فف ڈوپلیسی نے ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت شاندار انداز میں کی ہے۔ اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے ون ڈے ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ 6 سال تک ٹیم کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز ہے تاہم اب میں سمجھتا ہوں کہ کسی اور کو آگے آنا چاہیے۔ بورڈ جسے بھی کپتان بنائے گا میں اس کی بھرپور حمایت کروں گا۔ 2004ءسے تینوں فارمیٹس کیلئے کھیل رہا ہوں، اتنے لمبے عرصے تک مسلسل کرکٹ نے مجھے ذہنی و جسمانی طور پر تھکا دیا ہے، جنوبی افریقہ کیلیے کھیلنا ہمیشہ میری ترجیح رہا ہے۔ کھیل سے وقفہ میرے لئے مفید رہا، سلیکٹرز کو اکتوبر سے دوبارہ تینوں فارمیٹس کیلیے دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے۔