• news

پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن‘ استحکام کیلئے توقعات پر پورا اترے گا: صدر ممنون

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان مسلم امہ کی توقعات پر پورا اترے گا۔ یہ بات انہوں نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فرحت سے ملاقات میں کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے شام کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شام کی تشویشناک صورت حال سے مسلم امہ کی یک جہتی اور اتحادمتاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شام اور یمن کے مسئلہ پر غیرجانبدار ی کی پالیسی پر مکمل طور پر کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پرامن اور خوش حال افغانستان کا خواہاں ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے تاہم مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاک اردن دفاعی تعاون باہمی مفاد اور عالمی امن کیلئے ہے۔ صدر ممنون حسین نے شاہ عبداللہ دوم کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انکی متحرک قیادت کی تعریف کی جس کی بدولت اردن نے قابل ذکر ترقی کی۔اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فرحت نے کہا کہ اردن کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستانی افواج بہت پروفیشنل اور بہادر ہیں ۔ صدر مملکت نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ آف سٹاف کو نشانِ امتیاز ملٹری بھی عطا کیا۔ تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن