ٹرمپ کے بیان پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر سیا سی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے: خورشید شاہ
اسلام آباد(آن لائن+نوائے وقت نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بُلا کر قومی وقار کے تحفظ پر اعتماد میں لیا جائے جبکہ حکومت اور اپوزیشن مل بیٹھ کر امریکی صدر کے بیان پر مؤثر رد عمل اور قومی وقار کے تحفظ پر پالیسی تشکیل دے تاکہ آزادی کا تشخص برقرار رہے۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار اپنے ایک بیان میں کیا۔ خورشید شاہ نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پاک افغان پالیسی کے اعلامیے میں پاکستان کو جو دھمکیاں دی ہیں اس کو کوئی بھی آزاد ملک برداشت نہیں کرسکتا لہٰذاپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر سیاسی قیادت کو قومی وقار کے تحفظ پر اعتماد میں لیا جائے اور امریکی صدر کے بیان کا مؤثر اور پرزور دلائل کے ساتھ جواب دیا جائے جبکہ حکومت اور اپوزیشن ایسی نازک صورت حال میں مل بیٹھ کر مؤثر حکمت عملی دے جو قومی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہوں ۔خورشید شاہ کا کہنا تھا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی صدر کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ٹھوس اقدامات کے ساتھ سامنے آئیں اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر قومی وقار کے تحفظ کے لئے پالیسی تشکیل دیں کیونکہ یہ حکومت یا اپوزیشن کا معاملہ نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کی خودمختاری کا مسئلہ ہے۔