سندھ میں ق لیگ کا سورج غروب ہوگیا‘ اسد جونیجو چوہدری شجاعت کا صوبے میں آخری سہارا تھے جو ساتھ چھوڑ گئے
کراچی( نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر اسد جونیجو کی سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد سندھ میں مسلم لیگ(ق) کا سورج غروب ہوگیا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما حلیم عادل شیخ پہلے ہی چوہدری برادران کو داغ مفارقت دے چکے ہیں ۔ اسد جونیجو ان کا آخری سہارا تھے چوہدری شجاعت چند روز قبل مسلم لیگ کے دھڑوں کے اتحادکے لئے کراچی آئے تھے اور انہوں نے اسد جونیجو کے گھر قیام کیا تھا ۔ان کا مشن کس قدر کامیاب تھا اس کا اندازہ اسد جونیجو کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے لگایا جاسکتا ہے۔آنے والے دنوں میں پنجاب سے (ق) لیگ کے پنجاب سے مزید اہم رہنماؤں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق سندھ سے مسلم لیگ (ق)کے اہم ترین رہنما اسد جونیجو کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت نے چوہدری شجاعت حسین کی لیگی دھڑوں میں اتحاد کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔