• news

65کالعدم تنظیموں کے کھالیں جمع کرنے پر پابندی‘ پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

اسلام آباد‘ لاہور(اے این این+نامہ نگار) وفاقی حکومت نے عید الضحیٰ کے موقع پر کالعدم تنظیموں کے کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کردی۔ وزارت داخلہ نے پابندی کی زد میں آنے والی 65 کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کردی۔ فہرست کے مطابق لشکر جھنگوی، سپاہ صحابہ پاکستان، لشکر طیبہ پاکستان، بلوچستان نیشنل لبریشن آرمی اور رابطہ ٹرسٹ سمیت 65 کالعدم تنظیموں پر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ صرف وہ تنظیمیں کھالیں جمع کر سکیں گی جنہیں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے این او سی جاری ہوگا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ عید الضحی کے موقع پر کھالیں جمع کرنے والوں کی مکمل مانیٹرنگ ہوگی اور زبردستی کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ حکومتی بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت روکنے سمیت مختلف نکات پر کام کیا جارہا ہے۔دریں اثناء دہشت گردی کے خدشات اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی حالات کے پیش نظر پر عید الالضحی کے موقع پر پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عید الالضحی کے موقع پر پنجاب بھر کے پولیس ملازمین کو24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میںآئی جی پنجاب کی طرف سے تمام ضلعی افسران کو حکم نامہ بھجوا دیا گیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن