• news

فاٹا کی ترقی، عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے:آصف علی زرداری

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے فاٹا کی ترقی اور فاٹا ، مالاکنڈکے عوام کے مسائل حل کرنا پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح ہے کیونکہ فاٹا اور مالاکنڈ ایجنسی کے عوام نے ملک کی حفاظت کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں اور شدت پسندوں کے سامنے مزاحمت کی ہے۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر لال خان ، اسد خان اور اخونزادہ چٹان نے سابق صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر لال خان کی زیرقیادت وفد جن میں مسلم لیگ(ن) کے مالاکنڈ کے ڈویژنل صدر اعظم خان، پی ٹی آئی کے فضل رحیم، عنایت اللہ اور لیاقت خان نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق صدر نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اخونزادہ چٹان نے سابق صدر کو فاٹا کی سیاسی صورتحال اور پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آصف زرداری نے اخونزادہ چٹان کو ہدایت کی وہ تنظیم کو مزید موثر بنائیں اور آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کرنے کے لئے دن رات کام کریں۔

ای پیپر-دی نیشن