• news

ایس پی تشدد کیس: عمران‘ طاہر القادری پھر عدا لت پیش نہ ہوئے‘ اشتہاری کا سٹیٹس برقرار‘ جائیداد ضبطگی کیلئے تفصیلات طلب

اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورپاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری 2014کے دھرنے کے دوران ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجوپر کئے گئے تشدد کے کیس میں عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کے بعد دونوں رہنمائوں کے اشتہاری کا سٹیٹس برقرار ہے۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 2014 کے دھرنوں کے دوران ایس ایس پی آپریشن عصمت اللہ جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت پیمرا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی تقاریر کی ویڈیوز عدالت میں جمع کرائیں تاہم عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس کے بعد عدالت نے دونوں رہنمائوں کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی کے لئے تفصیلات طلب کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ اسلام آباد، لاہور اور میانوالی کے کلیکٹرز سے جائیداد کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔عدالت نے گواہوں کو 31 اگست کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے بھی پیش ہونے کا حکم دیا جب کہ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو سمیت دیگر گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے بھی سمن جاری کردیئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن