ٹرمپ کے بیان کے خلاف پنجاب‘ سندھ، خیبرپی کے اسمبلیوں میں قراردادیں جمع
لاہور، اسلام آباد ‘ پشاور ( خصوصی نامہ نگار + وقائع نگار خصوصی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نئی افغان پالیسی کے اعلان اور پاکستان پر الزامات کے خلاف پنجاب‘ سندھ اور خیبر پی کے اسمبلیوں میں قراردادیں جمع کرا دی گئیں۔ قراردادوں میں وفاقی حکومت سے بھرپور احتجاج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری قیمت چکائی، قربانیوں کا اعتراف کیا جائے۔ پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھنے والوںکا قبرستان بنا دیا جائے گا۔ پنجاب اور سندھ اسمبلی میں قرارداد تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی گئی۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کو دھمکی آمیز بیان کے خلاف تحریک التواء قومی اسمبلی و سینٹ میں جمع کرا دی ہیں۔ تحریک التواء سینیٹر سراج الحق جبکہ قومی اسمبلی میں صاحبزادہ طارق اللہ، صاحبزادہ محمد یعقوب، شیر اکبر خان اور محترمہ عائشہ سید نے جمع کرائی ہے۔ تحاریک التواء میںکہا گیا ہے کہ پاکستان سے متعلق ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کوئی نئی بات نہیں۔ امریکہ کی طرف سے قیامِ پاکستان سے ہی کبھی پاکستان کو اپنا فرنٹ لائن اتحادی تو کبھی دہشت گردوں کا معاون ثابت کرنے کے لئے نت نئے بیانات آتے رہتے ہیں۔ پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس امریکی بلیک میلنگ کے سامنے یک آواز ہوکر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ایوان سے استدعا کی گئی ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق اس انتہائی اہم معاملے کو زیر بحث لانے کے لیے ایوان کی معمول کی کارروائی روک دی جائے۔