نوازشریف کو ہمیشہ لایا گیا‘ امید ہے این آر او نہیں دیا جائے گا: زرداری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس کبھی عوامی مینڈیٹ نہیں تھا، انہیں ہمیشہ لایا گیا، نواز شریف کو ہمیشہ پاور لایا گیا، نواز شریف کو 2013ء میں بھی لایا گیا تھا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان میں 10ارب ڈالرز کی جائیدادیں ہیں‘ ایف آئی اے کا کام ہے نوازشریف کی جائیداد کا پتہ لگائے میرا کام نہیں۔ نوازشریف میرا سیاسی حریف ہے‘ اس کیلئے سافٹ کارنر نہیں۔ نوازشریف کی جن کمپنیوں کی بات کر رہا ہوں وہ پبلک لمیٹڈ ہیں انکے ڈائریکٹرز کوئی اور ہیں۔ میاں نواز شریف اب کہتے ہیں کہ وہ نظریاتی بن گئے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کو پڑ جائیں گے تو اس ملک کو محفوظ کون کریگا؟ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے‘ نوازشریف نکالنے کے قابل تھے اسلئے انہیں نکالا گیا۔ بلاول ہاؤس کا نام عوام نے رکھا تھا۔ امید کرتے ہیں نوازشریف کو این آر او نہیں ملے گا۔ نوازشریف اگر دھیمے بات کرتے ہیں تو گاڈ فادر کہاں سے زور سے بولتا تھا۔ عدالت کی بات درست ہے یہ گاڈ فادر اور سیسلئن مافیا ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی ملاکنڈ نے سابق وزیر لعل محمد خان کی قیادت میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ وفد نے آصف علی زرداری کو یقین دلایا پارٹی کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ صدر آصف زرداری نے کہاہے کہ نواز شریف نکالنے کے قابل تھے اس لئے انہیں نکال دیا گیا، ملک چلانے او ر کاروبارچلانے میں فرق ہے لیکن نواز شریف ذاتی کاروبار چلانے کیلئے بھارت سے تعلقات چاہتے ہیں۔ 2018ء میں الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے، سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل ہونے کے بعد تاحال میاں صاحب کے گھر کی سکیورٹی وزیراعظم جیسی ہے، مسلم لیگ (ن) والے کرسی کے بہادر ہیں، کرسی نہ ہو تو رنگ پیلے ہوجاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نوازشریف کو مائنس نہیں کرسکتی۔ آصف زرداری نے کہا کہ امریکہ میں انڈین لابی بہت مضبوط ہورہی ہے جبکہ واشنگٹن میں آپ کیلئے آواز اٹھانے والا ہی کوئی نہیں۔ واشنگٹن میں موجود ہمارے سفارتکار تو میاں صاحب کو بڑھاوا دے رہے تھے۔ امریکہ میں مجھے کسی لابسٹ کی ضرورت نہیں تھی۔ محترمہ اور میں ملکر واشنگٹن میں ڈکٹیٹر کیخلاف لابنگ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1988ء میں غلام اسحاق خان اور جنرل حمید گل نے نوازشریف کو آگے بڑھایا۔ چھانگا مانگا کا ذکر نہ کروں تو تاریخ میں مجھے پوچھا جائیگا۔ آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان، بھارت تعلقات بہتر بنانے اور گریٹر پنجاب بنانے میں فرق ہے۔ میں میاں صاحب پر بھارت نوازی کا الزام نہیں لگا رہا بلکہ یقین ہے میاں صاحب صرف اپنے کاروبار کو بڑھاوا دینے کیلئے بھارت سے تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر پنجاب میں انکا مال بکتا ہے یہ سودا گران پنجاب ہیں۔ لالو پرساد کہتا ہے ہم میاں صاحب کے ساتھ بزنس کر سکتے ہیں۔ اگر میری تقریر بھارت سے آئے تو یہ پاکستان کیلئے اچھی نہیں ہوگی۔