پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں نہیں‘ بلا امتیاز کارروائیاں کیں‘ الزام تراشی کی بجائے تعاون چاہئے: آرمی چیف
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہیں نہیں ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صحافیوں کے 9 رکنی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر افغان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کے پیدا کردہ منفی کردار کو ختم کرنے کے لئے میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی پناہ گاہیں نہیں جو افغانستان کے خلاف استعمال ہوں۔ ہم نے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے اور دہشتگرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے لئے الزام تراشیوں کے بجائے باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی بہتر حکمت علی کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر بہتر بارڈر مینجمنٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان نے موثر اقدامات کیے ہیں جبکہ نئے قلعے اور چیک پوسٹیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ بہتر بارڈر مینجمنٹ کیلئے باڑ لگائی جا رہی ہے۔ افغان وفد نے آرمی چیف کا ملاقات کے لئے وقت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔