• news

زرداری سندھ کے لٹیروں کا سردار‘ چند دن بعد یہ بھی کہے گا مجھے کیوں نکالا: عمران

سکھر/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سکھر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو خود اپنی حالت نہ بدلے۔ سندھ کے حالات 21 سال پہلے بہتر تھے، لیکن ترقی کرنے کی بجائے سندھ اب پیچھے چلا گیا۔ اب پاکستان کا نیا دور شروع ہونے والا ہے۔ سندھ کے بڑے لٹیروں کا سردار آصف زرداری ہے۔ سندھ کا پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا گیا۔ وقت کے فرعونوں نے عوام پر ظلم کیا۔ آصف زرداری کیخلاف آپ کو میرے ساتھ ملکر مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستان کے گاڈ فاڈر کو قوم نے سڑکوں پر نکل کر شکست دی اور وہ کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا۔ آج نوازشریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا گیا۔ سندھ میں بھی ایک فرعون چند دن بعد کہے گا کہ مجھے کیوں نکالا لیکن زرداری اداکاری نہیں کرتا وہ آرام سے چلے جائیں گے، انکو پتہ ہوگا کہ انہیں کیوں نکالا گیا۔ جو پیسہ عوام پر لگنا چاہئے وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے۔ جب ملک کا سربراہ پیسہ چوری کرے تو وہ کسی کو چوری کرنے سے نہیں روک سکتا۔ جب ملک کا پیسہ اسی ملک پر خرچ نہ ہو تو بیروزگاری بڑھتی ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے لوگ یہاں خودکشیاں کر رہے ہیں۔ پاکستان کے نئے دور میں آپ کو میرے ساتھ مل کر ڈاکوئوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ پانامہ کیس میں پھنسا ہوا تھا اس لئے سندھ نہیں آ سکا۔ اب میں سندھ کے لوگوں کو جگائوں گا۔ کیا نواز شریف کو واقعی سمجھ نہیں کہ انہیں کیوں نکالا گیا، گزشتہ روز نواز شریف نے وکیلوں کے سامنے جو باتیں کیں، کیا وہ وکیل نادان تھے؟ آج نواز شریف عدلیہ کے خلاف باتیں کر رہے تھے۔ نواز شریف نے اتنی چوری کی ہے شاید اتنی زرداری نے بھی نہیں کی مگر وہ خطرناک گیم کھیل رہے ہیں۔ نواز شریف آپ نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا، جعلی کاغذات رکھے۔ نواز شریف نے پاکستان کے تمام ادارے تباہ کر دیئے۔ قوم فوج اور عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے۔ نواز شریف آپ ایک آدمی آپ نکالیں، میں سو آدمی نکالوں گا، نواز شریف کو جمہوریت کی فکر نہیں ہے، اپنے پیسے کی فکر ہے۔ نواز شریف آپ نے ٹرمپ کے بیان کیخلاف ایک لفظ نہیں بولا۔ حامد کرزئی بھی ٹرمپ کے بیان پر بول پڑا، نواز شریف کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا۔ پاکستانیو! اس کو ووٹ کبھی نہ دینا جس کا پیسہ اور جائیدادیں بیرون ملک ہوں، زرداری کے بھی پیسے اور جائیدادیں مغرب میں ہیں۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے افغان جنگ کاکوئی بنیادی مقصد نہیں تھا، یہ کہنا مضحکہ خیز ہے کہ ڈیڑھ لاکھ فوجی صرف 3 ہزار لوگوں کی وجہ سے نا کام ہوگئے، صدر ٹرمپ کی نئی پالیسی بھی فلاپ ہے۔ ٹرمپ کی تقریر سے پاکستانیوں کو تکلیف پہنچی اور بے عزتی محسوس ہوئی۔ ہم ہر سطح پر میرٹ لائیں گے اور اداروں کو ٹھیک کریں گے۔ ہم پی آئی اے، پاکستان سٹیل ملز کو ٹھیک کریں گے، ہمارے نیب سے وزیراعظم سے احتساب شروع ہو گا۔ میں کرپشن پر قابو پا کر دکھائوں گا۔ ہم نے خیبر پی کے میں ایک ارب درخت لگائے۔ ہم سارے پاکستان کو ہرا بھرا کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے تاریخی جلسے نے سندھ کی سیاست کو نیا رُخ دیدیا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنائیں گے۔ 2018ء کا الیکشن بھی سندھ سے لڑوں گا‘ کوئی ایسا ڈیم جو سندھ کے حقوق پامال کرے اسے نہیں بننے دیں گے۔ جہانگیر ترین نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی پی نے سندھ کا ووٹ بیچا‘ عوام سے کیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ سندھ کے عوام کے حقوق کا تحریک انصاف تحفظ کرے گی۔ اسد عمر نے سکھر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران کسی کو نہیں چھوڑیں گے، نوازشریف کی وکٹ گرا دی ہے اب زرداری کی باری ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سکھر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور اسفند یار ولی سے کوئی امید نہیں مجھے صرف عمران سے امید ہے۔ عمران آئے اور غریبوں کی حالت بدل دے خواہش ہے کہ عمران خان چوروں اور ڈاکوؤں کا صفایا کر دے۔

ای پیپر-دی نیشن