• news

پنجاب گیمز اور نیشنل کبڈی چیمپئن شپ ملتوی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی وجہ سے اگلے ماہ لاہور میں منعقد ہونے والی پنجاب گیمز اور نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سلسلہ میں ورلڈ الیون 11 ستمبر کو لاہور آ رہی ہے۔ جس کی بنا پر 16 ستمبر تک لاہور میں کوئی دوسری قومی اور انٹرنیشنل کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد نہیں ہو سکتی ہیں۔ ترجمان پاکستان کبڈی فیڈریشن کے مطابق قومی کبڈی چیمپئن شپ ملتوی کردی گئی، کبڈی چیمپئن شپ 6 سے 10 ستمبر تک پنجاب سٹیڈیم میں شیڈول تھی اب چیمپیئن شپ کی نئی تاریخوں کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے چار مرتبہ ملتوی ہونے والی گیمز کے لیے 9 سے 11 ستمبر کی تاریخ مقرر کی تھی اسے بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن