• news

ہاکی ورلڈ الیون بھی نومبر میں پاکستان آنے کو تیار

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان میں کھیلوں کے سونے میدان آباد ہونے خواب حقیقت کا روپ دھارنے لگا ہے اور کرکٹ کے بعد ہاکی فیڈریشن نے بھی ورلڈ الیون کی آمد کا اعلان کردیا ہے۔کرکٹ بورڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہاکی فیڈریشن نے بھی نومبر میں ورلڈ الیون کے آنے کا اعلان کردیا ہے۔پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے کہا کہ رواں سال نومبر کے تیسرے ہفتے میں ورلڈ الیون کراچی آئے گی جو شہر قائد اور لاہور میں ایک ایک میچ کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے حکومت سمیت تمام متعلقہ حکام کو اعتماد لیا ہے اور حکومت نے مکمل سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔شہباز سینئر نے کہا کہ ہاکی ورلڈ الیون میں اولمپک چیمپئن اور ورلڈ چیمپئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جبکہ آسٹریلیا، جرمنی اور ہالینڈ سمیت دیگر ملکوں کے اہم کھلاڑیوں ٹیم کا حصہ بنانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ دو میچوں کی سیریز کے دوران ماضی کے عظیم کھلاڑی دھنراج پلے، پال لیجن اور چارا ورتھ کو ہال آف فیم بھی دیا جائے گا۔یاد رہے کہ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی ایک عرصے سے کسی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور چین وہ آخری انٹرنیشنل ٹیم تھی جو 12-2011 میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن