آزادی کپ: ورلڈ الیون کے خلاف16 رکنی سکواڈ کا اعلان,ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے خلاف آزادی کپ کیلئے سرفراز احمد کی قیادت میں 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس سے محمد حفیظ، وہاب ریاض اور سہیل تنویر کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی 20 میچ بالترتیب 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔دورہ ویسٹ انڈیز پر قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کامران اکمل، محمد حفیظ ، سہیل تنویر اور وہاب ریاض کو مایوس کن کارکردگی پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ سہیل خان، عمر امین، عامر یامین اور محمد نواز کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان ، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، عمر امین، عامر یامین، محمد نواز، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل خان، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، عثمان شنواری اور رومان رئیس شامل ہیں۔یاد رہے کہ فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون 11 ستمبر کو پاکستان آمد سے قبل دبئی میں دو دن پریکٹس کرے گی۔ ورلڈ الیون کے 14 رکنی سکواڈ کی قیادت جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اور ٹی20 کپتان فاف ڈو پلیسی کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملا، تمیم اقبال، سیمیول بدری، جیارج بیلی، پال کالنگ وڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلیٹ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، ٹم پین، تھسارا پریرا، عمران طاہر اور ڈیرن سیمی شامل ہیں۔