گجرات یونیورسٹی: بی اے‘ بی ایس سی‘ بی کام کے نتائج کا اعلان‘ طالبات بازی لے گئیں
گجرات (نامہ نگار) گجرات یونیورسٹی نے بی ایس سی بی اے بی کام (پارٹ فرسٹ و سکینڈ) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد دانش نے نتائج کا اعلان کیا۔ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات میں گورنمنٹ زمیندار پوسٹ گریجوایٹ کالج بھمبر روڈ گجرات کی طالبہ عفیفہ جمیل نے675نمبر حاصل کرکے پہلی، لیڈز کالج جلالپورجٹاں کی اقصیٰ بٹ نے 656 نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ پنجاب کالج برائے خواتین وزیر آباد کی عائشہ نے651نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی اے کے سالانہ امتحانات میں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈنگہ کی حمیرا ناصر نے 623نمبر حاصل کرتے ہوئے پہلی، پرائیویٹ امیدوار اختر علی نے 605نمبر حاصل کرکے دوسری اور گجرات کالج برائے کامرس و آئی ٹی برائے خواتین بھمبر روڈ گجرات کی نمرہ اکمل نے600نمبر حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی کام کے سالانہ امتحانات میں یونیورسٹی آف گجرات سٹی کیمپس مرغزار کالونی گجرات کی دو طالبات عظمت یونس اور کرن شہزادی نے بالترتیب 1090اور 1058نمبر حاصل کرتے ہوئے پہلی اور دوسری جبکہ ابن امام سائنس کالج جلالپور جٹاں کی مافیہ محبوب علی نے 1041نمبر حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک نے خصوصی تقریب میں ان طلبا و طالبات کو میرٹ سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات پیش کئے۔ دریں اثناءگجرات یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ امتحانات2017ءبرائے بی ایس سی بی اے بی کام میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں حافظ حیات کیمپس میں ایک پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
جامعہ گجرات/ نتائج