• news

عمران غیر ذمہ دار‘ بے وقوف آدمی‘ مہرے کی کوئی اہمیت نہیں: سعد رفیق

لاہور(خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین ہمارے خلاف مسلسل ڈھول پیٹ رہے ہیں کیونکہ انکی ’’ڈیوٹی ‘‘ لگی ہوئی ہے ۔ عمران خان غیر ذمہ دار اور بیوقوف آدمی ہے۔ مہرے کے طو رپر کام کرنیوالے اس شخص کی کوئی اہمیت نہیں۔ اس کی باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔ خیبر پی کے کا نیرو صرف بانسری بجاتا رہے گا۔ وہاں پر ڈینگی اور آدم خور چوہے اپنا کام کر رہے ہیں‘ لیکن یہ وہاں کا رخ نہیں کرتا اور یہ ذمہ داری بھی پنجاب حکومت کو نبھانا پڑتی ہے۔ آصف علی زرداری اور انکے صاحبزادے جتنی مرضی مسلم لیگ ( ن) کی مخالفت کریں‘ اسکا ہمیں نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا۔ نوازشریف نے اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن جانا ہے‘ لیکن ابھی اس کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ جب ہم سازش کی بات کرتے ہیں تو ہمارا اشارہ کسی ریاستی ادارے کی طرف نہیں ہوتا بلکہ بعض کردار اور انکا رویہ ٹھیک نہیں۔ پاکستان کے اوپر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور موجودہ حالات میں پاکستان ٹکرائو اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمیں بھی لوگ مشورے دیتے ہیں، غصہ آتا ہے‘ لیکن ہم نے سیکھا ہے۔ ہفتے کے روز رائے ونڈ میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قیادت اور رہنمائوں کے درمیان ہونے والی مشاورت میں سیاسی اور قانونی معاملات پر گفتگو ہوئی ہے اور یہ پراسس چلتا رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے نوازشریف سے الگ ملاقات کی ہے۔ وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف سابق وزیراعظم نوازشریف سے رہنمائی لینے کیلئے تشریف لائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل نیا کھلاڑی سیاستدان بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس نے عدلیہ کے بارے میں براہ راست الفاظ استعمال کئے‘ لیکن اسے کسی نے پوچھا تک نہیں ۔ ہم نے عدالت کی توہین کرنی ہے اور نہ مقابلہ کرنا ہے۔ سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کو مل کر آگے بڑھنا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ بھلے مدہوش ہو‘ لیکن وہ امریکی صدر ہے۔ اس کے بیان کو غیر سنجیدگی سے نہیں لیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ ہمارے ساتھ جو ناانصافی ہوئی‘ انصاف کرنے والوں کو سوچنا چاہیے۔ مریم نوازشریف نے حلقہ این اے 120کی انتخابی مہم شروع کر دی ہے اور اس سلسلہ میں انہوںنے پی پی 139اور پی پی 140 کے رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیںجبکہ آئندہ دو روز تک فیلڈ میں بھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب ہم سازش کی بات کرتے ہیں تو اس میں پاکستان کے کسی ریاستی ادارے کی طرف اشارہ نہیں ہوتا البتہ بعض کردار اور ان کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔ عدالتی فیصلہ اب پبلک پراپرٹی ہے اور ہم عدالت یا معزز ججز صاحبان نہیں بلکہ فیصلے پر بات کر رہے ہیں۔ فاضل ججز صاحبان ہمارے لئے نہایت محترم اور قابل احترام ہیں۔ ہمیں فیصلے سے اختلاف ہے تو ہم نے نظر ثانی کی اپیل دائر کی ہے اور فیصلے میں جہاں بھی کمزور پہلو ہیں‘ ان پر قانون کے دائرے میں بات ہوتی ہے اور آئندہ بھی ہو گی اور اس سے روکا نہیں جا سکتا۔ مزیدبرآں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے اپنے سوا صدی پرانے خول سے باہر آرہا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ریلویز اور ’’نادرا‘‘ کے درمیان ملک بھر میں ریلوے ملازمین کے کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس کے قیام اور ڈیجیٹل ایمپلائی کارڈ کے اجراء کے حوالے سے یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ معاہدے پر پاکستان ریلویز کی طرف سے ڈائریکٹر آئی ٹی فہدالرحمن نے دستخط کئے جبکہ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق اس کی پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔ نادرا کی طرف سے ڈی جی نادرا پنجاب کرنل نعمان نے دستخط کئے۔ اکیسویں صدی کے تقاضوں کے پیش نظر اپنا نیا چہرہ اورنیا تعارف قوم کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ ڈیٹا بیس اور ای کارڈز کی مدد سے پاکستان ریلوے کو اپنی مینجمنٹ مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ملازمین کی چھٹیوں‘ تنخواہوں‘ ترقیوں‘ میڈیکل‘ بیرون ملک دوروں‘ فیملی کے ارکان سمیت تمام ریکارڈ سنگل کلک پر دستیاب ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن