امریکی دھمکیاں نامنظور‘ دفاع پاکستان کونسل آج اسلام آباد میں بڑی کانفرنس ہوگی
لاہور (سپیشل رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ایٹمی ملک ہے‘ امریکی دھمکیوں اور توہین آمیز رویہ کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کا پروپیگنڈا امریکہ کی خطہ میں اپنی دہشت گردی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ دفاع پاکستان کونسل امریکی دھمکیوں کیخلاف ملک گیر تحریک جاری رکھے گی۔ اسلام آباد میں آج بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی۔ افغانستان میں مزید فوج داخل کرنے سے عدم استحکا م بڑھے گا۔ امریکہ اور اس کے اتحادی خطہ سے نکل جائیں یہاں امن قائم ہوجائیگا۔ بھارت امریکی شہ پر خطہ کے حالات خراب کر رہا ہے۔ کشمیرمیں دہشت گردی کیلئے بھی اسے امریکہ اور اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے۔ سیاسی جماعتوں ،حکومت و اپوزیشن کو تمام تر اختلافات بھلا کر متحد ہونا چاہئے۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں، لیاقت بلوچ، اعجاز الحق، اجمل خاں وزیر ، پیر سید ہارون علی گیلانی، مولانا فضل الرحمن خلیل، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر،مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ، عبداللہ گل ،حافظ عبدالغفار روپڑی ، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری او ر سید یوسف شاہ نے کہا کہ بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف پراکسی وار میں مصروف ہیں۔ افغانستان میں قونصل خانوں کے نام پر بھارتی دہشت گردی کے اڈے بند کروائے جائیں۔ کلبھوشن جیسے دہشت گردوں کو فی الفور پھانسی دی جائے اور وطن عزیز پاکستان سے بیرونی ایجنسیوں کی مداخلت ختم کی جائے۔ درحقیقت ٹرمپ مودی کی زبان بول رہے ہیں۔ امریکہ بھارت کو افغانستان میں رول دینا چاہتا ہے تا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جنگ لڑ سکے۔امریکی صدر اپنا لب و لہجہ درست کریں۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ کی طرف سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان کو اربوں ڈالر دینے کی باتیں غیور پاکستانی قوم کی توہین ہے۔ افواج پاکستان اور عوام نے پیسوں کیلئے نہیں ملکی دفاع کیلئے قربانیاں دیں‘ حکمران امریکی امداد لینے سے انکار کریں اور واضح پیغام دیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں‘ ڈکٹیشن کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ چین کی طرف سے پاکستان کی حمایت پر پوری پاکستانی قوم دوست ملک کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔امریکہ پاکستان اور افغانستان کو باہم لڑا کر دونوں برادر اسلامی ملکوں کے عوام میں پائے جانے والے بھائی چارے کے رشتے کو ختم کرنا چاہتا ہے۔
دفاع پاکستان کونسل