بار اور بنچ کے اختلافات بات چیت سے حل کئے جائیں: وکلا کنونشن
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام آل پاکستان نمائندہ وکلاءکنونشن کے اعلامیہ میں ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان خان قریشی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی روکنے اور احاطہ ہائیکورٹ سے کنٹینرز ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بار اور بنچ کے درمیان اختلافات کو بات چیت سے حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں وکلا نمائندوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ وکلا عدلیہ، عدالتوں اور عدالتی فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وکلاءعدلیہ کے خلاف کسی بھی طرح کی مہم جوئی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ عدالتوں کے تمام فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے۔ اعلامیے میں سپریم کورٹ بارکے اس اعلان کی حمایت کی گئی ہے کہ ملتانہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان خان کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا تاکہ بار اور بنچ کے مابین الجھاﺅ ختم کیا جا سکے۔ وکلاءہمیشہ قانون کی حکمرانی آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آل پاکستان وکلا کنونشن کا انعقاد لاہور ہائیکورٹ بار میں کیا گیا جس میں چودھری ذوالفقار علی دیگر عہدیداروں اور ملک بھر کی وکلاءتنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وکلاءکنونشن