• news

راولپنڈی کینٹ میں شہریوں کوگندے اور آلودہ پانی کی سپلائی

راولپنڈی (میگزین رپورٹ) کینٹ کے کئی علاقوں جس میں لالکڑتی کا علاقہ بھی شامل ہے کو راول ڈیم سے ایم ای ایس کا سپلائی شدہ پانی انتہائی آلودہ ہے اور اس میں گندگی‘ بدبو بھی شامل ہے جو پینے کے لئے قطعاً ناموزوں ہے۔ یہ آلودہ پانی سخت گدلا اور بدبودار ہے جس سے کلی بھی کی جائے تو ابکائیاں آجاتی ہیں۔ راولپنڈی کینٹ کے شہریوں نے اس پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولڈیم سے ایم ای ایس کا سپلائی شدہ پانی قطعی طورپر پینے کے قابل نہیں‘ اس پانی سے غسل کرنا یا وضو کرنا بھی محال ہو گیا ہے‘ کینٹ کے شہری اس صورتحالات میں پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں یا پھر مختلف فلٹروں سے پینے کا پانی حاصل کر رہے ہیں اس ضمن میں افسوسناک بات یہ ہے کہ ایم ای ایس راول ڈیم کا یہ گندہ پانی سول آبادی کو سپلائی کر رہی ہے جبکہ فوجی علاقوں میں شفاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ راولپنڈی کینٹ کے شہریوں نے چیف انجینئر ایم ای ایس اور اعلیٰ حکام سے اس صورتحالات کا نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ گندہ پانی کافی دنوں سے سپلائی ہو رہا تھا‘ شہری حلقوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کے باوجود اصلاح احوال نہیں ہوئی‘ جو کہ سخت زیادتی اور ناانصافی کے مترادف ہے‘ شہریوں کا یہ بھی کہناہے کہ وہ ایم ای ایس کو بروقت پانی کے بل اداکرتے ہیں جس کے بدلے انہیں شفاف اور صاف پانی کی بجائے آلودہ اورگندہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن