زرداری کی بریت مک مکا‘ پوری قوم آواز اٹھائے‘ 8 ستمبر کو این اے 120 کے باہر جلسہ کرونگا : عمران
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ آصف زرداری کو نیب کے کیسز سے بری کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ ایکشن نہ لیتی تو نیب نے نواز شریف کو بھی کلین چٹ دے دینی تھی، حلقہ این اے 120 قانون کی بالادستی اور چوروں، ڈاکوﺅں کے درمیان لڑا جائے گا، الیکشن کمشن سے درخواست کی ہے کہ مجھے انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار عمران نے پریس کانفرنس میں کیا۔ عمران کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں پارٹیاں نیب کا چئیرمین بنا کر مک مکا کر کے کیسز ختم کرتی ہیں، عمران خان کا کہنا تھاکہ این اے 120 کا الیکشن کرپٹ عناصر کے خلاف ریفرنڈم ہے، نوازشریف کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا گیا انہیں معلوم ہوناچاہئے کہ وہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو منی ٹریل نہیں دے سکے اور لندن پراپرٹیز کا ابھی تک حساب نہیں دے سکے، عمران نے کہاکہ تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کا مقابلہ صرف مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری سے ہے، مریم نواز نے کس حیثیت سے وزیر اعلی ہاوس میں میٹنگ بلائی تھی، الیکشن کمشن سارا معاملہ کیوں نہیں دیکھ رہا اور ان کے خلاف ایکشن کیوں نہیںلے رہا، مسلم لیگ (ن) کے گلو ہماری خواتین کو ہراساں کررہے ہیں لیکن ہمارے کارکن ڈرنے والے نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریںگے، آئی جی پنجاب ہمارے ورکروں کو تحفظ فراہم کرے، اگرایسا نہ کیا تو ان کے خلاف بھی قانونی جنگ لڑیں گے، عمرا ن خان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، اقامے لینے کا مقصد دبئی کی رہائش اور بینک اکاﺅنٹ کھول کر منی لانڈرنگ کرنا ہے، زرداری کے حق میں فیصلے کے بعد نیب کی پراسیکیوشن پر اعتماد نہیں، انہوں نے کہاکہ شریف فیملی کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں، کوئی اور ہوتا تو اب تک وہ جیل میں ہوتا، امریکی صدر کی دھمکیاں نئے وزیراعظم کے لئے بڑا چیلنج ہیں، اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کر جانا چاہئے، انٹرنیشنل کرکٹ کا پاکستان میں آنا خوش آئند ہے، پی ٹی آئی این اے 120 جیتے گی یا قریب تک جائے گی، این اے 120 کے الیکشن مین فوج کی موجودگی میں الیکشن سے اعتماد بحال ہوگا، چیئرمین عمران خان نے این اے 120 پی پی 140 کی یوسیز کے عہدیداروں اور ورکروں سے پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری کی قیادت میں ملاقاتیں کیں، انہوں نے کہا این اے 120 کا الیکشن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ عمران خان نے باجوڑ ایجنسی میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر علی سلمان ناصر کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ سرے محل سمیت زرداری کی اربوں روپے کی پراپرٹی بیرون ملک پڑی ہے، زرداری کی بریت کیخلاف پوری قوم کو آواز اٹھانی چاہئے۔ این اے 120 کا ضمنی انتخاب پورے ملک کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔ اگر سپریم کورٹ کے نیچے جے آئی ٹی نہ بنتی تو نوازشریف بھی بری ہو چکے ہوتے۔ این اے 120 میں مسلم لیگ (ن) کی غنڈہ گردی کراچی کی متحدہ جیسی ہے۔ این اے 120 سے باہر 8 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کروں گا۔ حکومتی وزراءانتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ این اے 120 میں پی ٹی آئی خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔ ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کی۔ عمران خان نے خیبر پی کے احتساب کمشن کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہم ایسا نظام نہیں نا سکے جیسا چاہتے تھے۔ تحریک انصاف سندھ سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کے صدر فاروق احمد چانڈیو نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان لاڑکانہ میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔ ملتان سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شاہ محمود قریشی کہ مسلم لیگ (ن) این اے 120 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ نوازشریف اداروں کو نشانہ بناکر بڑی غلطی کررہے ہیں۔
عمران خان